۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ/ امسال ماہ محرم کے سلسلہ میں اتر پردیش کے ڈی ۔جی ۔پی مکل گویل نے جو سرکلر جاری کیا ہے وہ حددرجہ افسوسناک اورشرمناک ہے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حیدرآباد دکن/ حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ صدر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن تلنگانہ ہندوستان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نہایت افسوس اور دکھ کے ساتھ یہ خبر پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا میں دیکھنے میں آرہی ہے کہ امسال ماہ محرم کے سلسلہ میں اتر پردیش کے ڈی ۔جی ۔پی مکل گویل نے جو سرکلر جاری کیا ہے وہ حددرجہ افسوسناک اورشرمناک ہے ۔کیوں کہ اس میں ایسی جھوٹی اور شرمناک تہمتیں لگائی گئی ہیں جن سے نہ صرف ملک بھر میں حضرت امام حسین علیہ السلام سے عقیدت و محبت رکھنے والے عزاداروں کی دل آزاری ہوتی ہے بلکہ عزاداری امام حسینؑ کو بدنام کرنے کی گھناؤنی سازش ہے جو ناقابل برداشت ہے ۔ 

چونکہ یہ مسئلہ عزاداری امام حسین ؑ سے وابستہ ہے ۔کسی مخصوص طبقہ یا علاقہ تک محدود نہیں ہے بلکہ امام حسین ؑ کی عزاداری کرنے والے شیعہ، سنی ، ہندو ، سکھ ، عیسائی سب کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے ۔ امام حسین علیہ السلام کی قربانی کی اہمیت و عظمت مہاتما گاندھی کے نعروں اور پیغاموں میں ملاحظہ کی جاسکتی ہےکہ جن کی بدولت ہندوستان کو انگریزوں سے آزادی ملی ہے۔ 

لہٰذا، ہم مجمع علماء و خطباء حیدر آباددکن کی جانب سے مذکورہ سرکلر کی سخت مذمت کرتے ہیں اور حکومت ہند سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد اس متنازعہ سرکلر کو واپس لیا جائے اور ڈی ۔جی ۔ پی اترپردیش معافی بھی مانگے۔ 

صدر مجمع علماء و خطباء، حیدر آباددکن (تلنگانہ)ہندوستان 

۵؍اگست ۲۰۲۱ء

تبصرہ ارسال

You are replying to: .